پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے ضم شدہ اضلاع کے واجب الادا 267ارب فوری منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز روکنا دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے، وفاق کی غیر سنجیدگی نازک قومی معاملے کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
جاری بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ مالی سال 2024-25ء کے دوران وفاق نے ضم اضلاع کیلئے 350ارب روپے مختص کئے تھے تاہم گزشتہ 10ماہ میں صرف 83ارب روپے فراہم کئے گئے جبکہ 267ارب روپے تاحال واجب الادا ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لیکن وفاق کی غیر سنجیدگی نازک قومی معاملے کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے فنڈز روکنا درحقیقت دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے، جب تک ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبے شروع نہیں ہوتے تب تک دہشت گردی کے خاتمے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق این ایف سی ایوارڈ کے تحت مختص فنڈز فوری خیبرپختونخوا حکومت کو منتقل کرے تاکہ قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم اور صحت جیسی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔