بیجنگ(شِنہوا)چین نے اسرائیل-ایران تنازع کے بارے میں 21 عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر صورتحال کو بہتر بنانے کی خاطر کام کرنے کے لئے تیارہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کے روز ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ مشترکہ بیان 21 ممالک کے وزرائے خارجہ نے جاری کیاہے جس میں ریاستی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا گیا ہے۔
ترجمان گو جیاکن نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ علاقائی صورتحال میں اچانک شدت کا باعث بنا ہے جس پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری ترجیح جنگ بندی اور جنگ کا خاتمہ ہے، موثر اقدامات کے ذریعے کشیدگی کو بڑھنے سے روکنا، خطے کو مزید بدامنی سے بچانا اور بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی راہ پر واپس آنا ضروری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین اس مشترکہ بیان کا خیرمقدم کرتا ہے اور ان ممالک کی کوششوں کو سراہتا ہے جو صورتحال کو پرامن طریقے سے ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور کشیدگی میں کمی کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
