جمعہ, جون 27, 2025
ہومLatestآئی ٹی ایکوسسٹم بہتر بنانے کیلئے اقدامات جلد مکمل کئے جائیں، وزیراعظم

آئی ٹی ایکوسسٹم بہتر بنانے کیلئے اقدامات جلد مکمل کئے جائیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کی تربیت ،پاکستان میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم کو بہتر بنانے بارے اقدامات کی مدت کا تعین کرکے جلد مکمل کرنے ،گرمیوں کی چھٹیوں میں سمر کیمپس میں آئی ٹی تربیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی شعبے کو ایسی تربیت و ہنر فراہم کئے جائیں جس سے نوجوانوں کا روزگار یقینی ہو۔پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی تربیت اور پاکستان میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم کی تشکیل و اجرا بارے جائزہ اجلاس ہواجس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبے کی جدید تربیت کیلئے نظام کی تشکیل و اجرا پر تیزی سے کام جاری ہے جس کیلئے کنسلٹنسی فرمز کی خدمات کے حصول کے حوالے سے ٹرمز آف ریفرنسز حتمی مراحل میں ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہواوے کے تعاون سے اب تک 20ہزار طلبا و طالبات کو آئی ٹی شعبے کی جدید تربیت فراہم کی جا چکی اور حال ہی میں گزشتہ برس تربیت یافتہ پاکستانی طلبا و طالبات نے نہ صرف پورے چین بلکہ عالمی سطح پر آئی ٹی کے تین شعبہ جات میں پہلی تین پوزیشن جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے.ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 2 لاکھ امیدوار شامل تھے ، وزیراعظم نے مقابلے میں کامیاب ہو کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے طلبا و طالبات کی پزیرائی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہواوے کے اشتراک سے مزید 80ہزار طلبا و طالبات کو آئی ٹی تربیت کی فراہمی کے ہدف کے حصول کیلئے اقدامات جاری ہیں جن میں نہ صرف بڑے شہروں بلکہ بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں بشمول تربت میں بھی آن لائن کلاسز فراہم جائیں گی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹرینرز کو جدید ٹیکنالوجی اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کورسز کی تربیت کیلئے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں 50 ہزار ٹرینرز کی تربیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ تربیتی پروگرام کی بیچلرز پروگرامز میں شمولیت اور مصنوعی ذہانت کے پروگرامز کے اجرا سے 3 لاکھ طلبا و طالبات کو آئی ٹی شعبے کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ رواں موسم گرما کی تعطیلات میں 1 لاکھ 46 ہزار بچوں کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہواوے کے اشتراک سے آئی ٹی کی تربیت فراہم کی جائے گی،وزیراعظم وتھ پروگرام کے تحت جلد 2ہزار طلبا و طالبات کو آئی ٹی کے جدید کورسز کی تربیت دے کر روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے تمام اقدامات کی مدت کا تعین کرکے انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبے کے جدید تربیتی پروگرامز سے مقامی سطح پر تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو تیار کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئی ٹی شعبے کی ایسی تربیت و ہنر فراہم کئے جائیں جس سے نوجوانوں کا روزگار یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا پائیدار و جدید آئی سی ٹی نظام تشکیل دیا جائے جس سے ملک خطے میں آئی ٹی شعبے کے حوالے سے مرکزی حب بن کر ابھرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقامی کمپنیوں کو آئی ٹی شعبے کی با اختیار افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس سے وہ بین الاقوامی تقاضوں کو پورا کر سکیں اور ملک میں زرمبادلہ لا سکیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ تربیتی نظام کی کنسلٹینسی بارے واضح ٹی او آرز بنائے جائیں،نظام کی تشکیل اور اجرا کیلئے مدت کا تعین کیا جائے اور جلد اس کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ  تربیتی پروگرامز مثبت اور تعمیری ہوں جو نوجوانوں کو بین الاقوامی تناظر میں کار آمد فرد بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہماری با صلاحیت نوجوان افرادی قوت ہے، ٹیکنالوجی کی تربیت کو سکولوں و کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فراہم کرنے کیلئے وزارت وفاقی تعلیم، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور نیووٹیک مل کر وزارت آئی ٹی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں سمر کیمپس میں آئی ٹی تربیت کو یقینی بنایا جائے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!