اسلام آباد: انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے ریکوڈک منصوبے میں مزید 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی اور قدرتی وسائل پر توجہ بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں توانائی و قدرتی وسائل میں دوگنا سرمایہ کاری کریں گے۔
آئی ایف سی کے سربراہ مختار ڈیوپ نے کہاہے کہ ریکوڈک منصوبے سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی معدنیاتی نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا تانبے اور سونے کا منصوبہ ریکوڈک 2028 میں پیداوار شروع کرے گا، ریکوڈک سے بلوچستان کی ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ریکوڈک منصوبے میں آئی ایف سی کی کل سرمایہ کاری 700 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، ریکوڈک منصوبے کی لاگت 6.6 بلین ڈالر ہے، مالیاتی اتحاد قرض و سرمایہ سے فنڈ فراہم کرے گا، ریکوڈک سے 37 سال میں 74 ارب ڈالر تک آمدن کی توقع ہے۔ریکوڈک منصوبے میں یو ایس ایگزِم، ایشیائی ترقیاتی بینک، کینیڈا اور جاپان کے مالیاتی اداروں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔