کراچی: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کا تاجروں سے رشتہ ہمیشہ مضبوط اور اصولی رہا ہے، قومی اور ملی زندگی میں اسلامی ترجیح امن اور خوشحال معیشت ہے، امن سے مراد انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی رہائش گاہ پرشہر قائد کی صنعتی و تجارتی شخصیات سے اہم خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، تاجر معیشت کا ستون ہیں، تاجر برادری ملکی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ریاست تاجروں کو تحفظ، سہولت اور عزت دے۔
اس موقع پر معروف صنعتکار سلطان چالہ، جاوید بلوانی، مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، عارف حبیب، علامہ راشد سومرو، انجینئر ضیا الرحمان، مولانا ناصر محمود سومرو، سمیع الحق سواتی و دیگر بھی شریک تھے۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کراچی میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں، (آج) پیر کو کراچی میں جے یوآئی سندھ کے ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے خطاب کریں گے۔