برسلز: پاکستانی سفارتی وفد کے رکن مصدق ملک نے کہا ہے کہ خون کی ہولی کا کھیل بھارت کے گلے پڑ چکا ، ہم جنگ میں کامیابی کے باوجود امن کی بات کررہے ہیں۔برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی وفد کے رکن مصدق ملک نے کہا کہ پہلی بار بھارت کے2اور اس بار6جہاز گرائے، بھارت اگر باز نہ آیا تو یہ تعداد 60اور 600تک جائے گی، آخر امن کی بات کرنی پڑے گی تو ابھی کر لیں۔
انہوںنے کہا کہ بھارت خون کی ہولی نہ کھیلے، یہ کھیل ان کے گلے پڑ چکا ہے، ہم جنگ میں کامیابی کے باوجود امن کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں برابری کی بنیاد پر مذاکرات ہوں اور بنیادی مسئلہ کشمیر پر بات ہو، چاہتے ہیں یہ جنگ بندی امن کی شکل اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، برطانیہ، یورپی یونین میں مسئلہ کشمیر اٹھایا، بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے پاک بھارت جھڑپ ہوئی ٹرمپ 9 یا11 بار کشمیر کا ذکر کر چکے ہیں، کشمیر، پانی اور امن کا مسئلہ اب دنیا کے سامنے ہے، سفارتی محاذ پر ہماری فتح کی بڑی وجہ عسکری فتح ہے جس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، فضائیہ اور بحریہ سربراہوں کو جاتا ہے۔