اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں ،کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا اظہار ہے،بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا گیا، تنخواہوں میں اضافے ،ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا۔جاری بیان میں وزیراعظم نے سٹاک مارکیٹ کے تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 24ہزار پوائنٹس پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوںنے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا، تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا، الحمدللہ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے۔ انہوںنے کہا کہ سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے محنت کرنا ہوگی، مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات ایک معجزہ ہے، معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر یہ مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔