شین یانگ (شِنہوا) لياؤننگ کے صوبائی آرکائیوز نے بین الاقوامی آرکائیوز ڈے کے موقع پر دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان کے حملے سے متعلق ایک ہزار200 سے زائد تاریخی دستاویزات جاری کی ہیں۔ یہ دستاویزات 80 سال سے بھی پہلے چین پر جاپان کے حملے اور قبضے پر نئی روشنی ڈالتی ہیں۔
یہ دستاویزات ساؤتھ منچھوریا ریلویز کمپنی کے آرکائیول کیٹالاگ ہیں جسے 1906 میں قائم کیا گیا اور 1945 میں یہ کمپنی ختم ہوگئی۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس نوآبادیاتی ادارے نے 1931 سے 1945 کے درمیان جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی مزاحمتی جنگ کے دوران جاپان کے عسکری عزائم کو مالی امداد فراہم کی۔
جاری کردہ دستاویزات میں مقدن واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کے لئے معاوضے کے ٹیبلزشامل ہیں جو 18 ستمبر 1931 کو پیش آیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب جاپانی فوجیوں نے شین یانگ کے قریب اپنے زیر کنٹرول ریلوے کے ایک حصے کو دھماکے سے اڑایا اور چینی فوجیوں پر توڑ پھوڑ کا الزام لگایا تاکہ حملے کا جواز بنایا جا سکے۔ انہوں نے اسی شام شین یانگ کے قریب چینی بیرکوں پر گولہ باری کی اور اس طرح چین کے شمال مشرقی علاقےپر بڑے پیمانے پر حملہ شروع کیا۔
دیگر دستاویزات لوگو پل واقعہ اور نان جِنگ قتل عام جیسے واقعات سے متعلق ہیں۔ لياؤننگ صوبائی آرکائیوز کے اہلکار کونگ لونگ ہائی نے کہا کہ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ساؤتھ منچھوریا ریلویز کمپنی نے انٹیلی جنس جمع کرنے، جاپان نواز قوتوں کی حمایت کرنے، جنگ کو فنڈ فراہم کرنے، فوجی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور جارحیت کی تعریف کرنے کے ذریعے چین پر جاپانی حملے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
کونگ کے مطابق کمپنی نے چین میں اپنے آپریشن کے دوران چین کی شمال مشرقی اقتصادی شہ رگ کو کنٹرول کیا، معدنی وسائل کو لوٹا اور مختلف قسم کی انٹیلی جنس جمع کی۔
