بیجنگ(شِنہوا)چین نے نایاب ارضیاتی عناصر سے متعلق اشیاء کی ایک مخصوص تعداد میں برآمدی لائسنس کی درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔ وزارتِ تجارت کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام روبوٹکس اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں جیسی صنعتوں کی وجہ سے درمیانے اور بھاری نایاب عناصر کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ نایاب ارضیاتی عناصر سے متعلق اشیاء میں فوجی اور سول دونوں مقاصد کے لئے دوہری نوعیت پائی جاتی ہے۔ اس لئے ان پر برآمدی کنٹرول کا نفاذ بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق ہے۔ترجمان نے زور دیا کہ ان پابندیوں کا مقصد قومی سلامتی اور مفادات کا بہتر طور پر تحفظ کرنا اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے جو کہ عالمی امن اور علاقائی استحکام کے لئے چین کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین ضوابط کے مطابق دی گئی درخواستوں کے جائزے کو مزید سخت کرے گا اور متعلقہ ممالک کے ساتھ برآمدی کنٹرولز سے متعلق روابط اور مکالمے کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے تاکہ ضابطے کے مطابق تجارت کو آسان بنایا جا سکے۔
