بیجنگ(شِنہوا)چین زچہ وبچہ کی صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے اور پیدائش دوست معاشرے کو فروغ دینے کے لئے ملک بھر میں درد زِہ کم کرنے کی خدمات کو وسعت دینے کے اقدامات کر رہا ہے۔
چینی اداروں کی جانب سے جاری ایک سرکلر کے مطابق زچگی کی خدمات فراہم کرنے والے تمام تیسرے درجے کے طبی ادارے 2025 کے آخر تک درد سے پاک پیدائش کے طریقے مہیا کریں گے۔ یہ ادارے چین کے 3 درجے کے ہسپتالوں کے نظام میں سب سے اعلیٰ سطح پر ہیں۔
قومی صحت کمیشن اور دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک دستاویز کے مطابق 2027 تک یہ سہولت ملک بھر کے تمام دوسرے درجے اور اس سے اعلیٰ طبی اداروں کے زچگی شعبوں میں بھی فراہم کی جائے گی۔
درد سے پاک پیدائش، جسے تکنیکی طور پر لیبر اینالجیزیا کہا جاتا ہے، ایک ایسا طریقہ ہے جس میں ماں کی ریڑھ کی ہڈی میں دوا دی جاتی ہے تاکہ زچگی کے دوران ہونے والے درد کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکے۔ یہ تکنیک طبی ماہرین کے مطابق محفوظ، موثر اور تسلیم شدہ ہے لیکن چین میں اس کا استعمال گزشتہ چند سالوں تک صرف ایک محدود تعداد میں ماؤں تک محدود رہا۔
چِھنگ ڈاؤ ویمن اینڈ چلڈرنز ہسپتال کی تجربہ کار ماہر زچگی شو چھیان، جنہیں 30 سال سے زائد کا تجربہ ہے، نے کہا کہ 1980 اور 90 کی دہائی میں چین میں لیبر اینالجیزیا تکنیک دستیاب تھی مگر اس وقت اس پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حتیٰ کہ کئی ڈاکٹروں کا ماننا تھا کہ درد بچے کی پیدائش کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔
ادھر متعدد مطالعات میں بتایا گیا ہے کہ چین میں 2010 کی دہائی کے دوران آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش کی شرح 40 فیصد سے زیادہ تھی جبکہ زیادہ ترقی یافتہ علاقوں میں یہ شرح اور بھی زیادہ تھی جو دنیا کے دیگر کئی ممالک کی شرح سے نمایاں طور پر زیادہ تھی۔
2018 میں چین نے درد زِہ کم کرنے کے فروغ کے لئے ایک قومی آزمائشی پروگرام شروع کیا، جس میں 900 سے زائد ہسپتال شامل ہوئے۔ نتیجتاً ان آزمائشی سہولیات میں درد زِہ کم کرنے کے استعمال کی اوسط شرح 2015 میں 27.5 فیصد سے بڑھ کر 2022 تک 60.2 فیصد ہوگئی۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link