نیویارک(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرخ رنگ کی ٹیسلا گاڑی فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ انہوں نے مارچ میں خریدی تھی۔
دی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ گاڑی دراصل ایلون مسک کی حمایت ظاہر کرنے کے لئے ایسے وقت میں خریدی تھی جب ان کے حکومتی کردار پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کے حکام نے کہا کہ ٹرمپ نے مسک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی حالانکہ ارب پتی مسک نے اشارہ دیا تھا کہ وہ تنازع کم کرنے کے لئے تیار ہیں۔
جمعرات کی رات مسک نے سپیس ایکس کے ڈریگن سپیس کرافٹ کو فوری طور پر بند کرنے کی دھمکی واپس لے لی، جو ناسا کے خلا بازوں اور سامان کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک لے جاتا ہے۔ کچھ دیر بعد ہیج فنڈ کے ارب پتی بل ایکمین نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان دونوں افراد (مسک اور ٹرمپ) کو ہمارے عظیم ملک کے فائدے کے لئے صلح کر لینی چاہیے تو مسک نے جواب دیا کہ "آپ غلط نہیں ہیں۔”
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مسک کے لئے ٹرمپ کے ساتھ طویل تنازع انتہائی مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کی کمپنیاں بشمول سپیس ایکس اربوں ڈالر کے حکومتی معاہدوں سے فائدہ اٹھا چکی ہیں اور مزید اربوں حاصل کرنے کی پوزیشن میں تھیں۔ ٹرمپ نے جمعرات کو ان معاہدوں کو ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔
یہ تنازع ٹرمپ کے لئے بھی خطرناک ہے۔ مسک، جو دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، نے 2024 کے انتخابات میں ٹرمپ کی حمایت کے لئے تقریباً 27کروڑ 50لاکھ امریکی ڈالر خرچ کئے تھے اور 2026 کے وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر کی ٹیم کے زیر کنٹرول گروپوں کو 10 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم یہ فنڈز ابھی تک فراہم نہیں کئے گئے اور اب ان پر شدید شکوک و شبہات ہیں۔
