اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ایک کروڑ80لاکھ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 50فیصد کمی ہوئی ہے، کے الیکٹرک ٹیرف کیخلاف نیپرا میں نظرثانی درخواست دائر کرینگے، امید ہے ایسا فیصلہ آئے گا جس سے ملک ، صارفین کا فائدہ ہو۔ اسلام آباد میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ٹیرف کیخلاف نیپرا میں نظرثانی درخواست دائر کرنے کی تیاری کررہے ہیں،کے الیکٹرک کے ٹیرف کا بوجھ دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین ٹیکسز کی مد میں برداشت کرتے ہیں،امید ہے نیپراایسا فیصلہ دے گی جس سے ملک اور صارفین کا فائدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے نیٹ میٹرنگ کی پالیسی پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی ہے، پالیسی کی منظوری پر ایک ماہ میں عملدرآمد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 31فیصد انڈسٹری کیلئے بجلی سستی ہوئی ہے، ایک کروڑ 80لاکھ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 50فیصد کم ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہماری پن بجلی کی پیداوار کم ہوئی ہے جس کے باعث ہمیں دیگر مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کرنی پڑی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف پی اے ہر ماہ کبھی اوپر کبھی نیچے جاتا ہے۔گردشی قرض کے خاتمے کیلئے بینکوں سے پیسے لینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، خیرات کی بجائے ایفیشنسی کو مدنظر رکھنا چاہئے۔