جمعرات, مئی 29, 2025
ہومLatestیوم تکبیر، وزیراعظم کا پاکستان کو معاشی قوت،دنیا میں حقیقی مقام دلانے...

یوم تکبیر، وزیراعظم کا پاکستان کو معاشی قوت،دنیا میں حقیقی مقام دلانے کا عہد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو معاشی قوت ، دنیا میں حقیقی مقام دلانے کا عہد کرتے ہوئے کہاہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے ،سنگین مشکلات کا سینہ چیر کر مقصد کو پالنے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے،عوام اور سیاسی قیادت نے اپنے آہنی ارادوں ،بہادر مسلح افواج نے اپنی دلیری، شجاعت و عسکری مہارت سے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے۔

یوم تکبیر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دِل کی گہرائیوں سے پوری قوم اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یومِ تکبیر کی مبارک دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بنے 27سال مکمل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یومِ تکبیر اِس مرتبہ ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے جب بھارت کی مسلط کردہ بلاجواز جنگ میں پاکستان اللہ تعالی کے فضل وکرم سے 6سے 10مئی کے معرکہ حق میں سرخرو اور فتح یاب ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کے لئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس پر ہم رب ِعظیم کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کو اپنے خصوصی کرم سے سربلندفرمایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ مئی 1998میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا،میرے قائد اور اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی، اقتصادی پابندیوں، دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 1998میں آج کے دن بھارت کے 5کے مقابلے میں 6دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا  ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے،اس مقصد کے لئے پورا پاکستان متحد تھا ۔

یہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔انہوں نے کہا کہ آج کے یومِ عظیم پر میںایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز ، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔

میں قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جوہری پروگرام کی تکمیل کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنے عزم وہمت کی قابل فخر داستان لکھی۔وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کی بھرپور حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے اس عہد کاتسلسل ہے جس کے تحت پاکستان جیسی عظیم مملکت ِ خداداد وجودمیں آئی۔ انہوں ے کہا کہ قومی تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی عوام اور سیاسی قیادت نے اپنے آہنی ارادوں اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی دلیری، شجاعت اور عسکری مہارت سے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اورسنگین ترین مشکلات کا سینہ چیر کر مقصد کو پالنے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم پاکستان کو معاشی قوت اور دنیا میں حقیقی مقام دلانے کا عہد کرتے ہیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!