لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 10 کے شاندار اختتام پر لیگ انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے،پی ایس ایل 10 کا کامیابی سے انعقاد پرامن پاکستان کی جیت ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب دشمن کے حملے کے بعد پی ایس ایل کا دوبارہ آغازبہت بڑاچیلنج تھا، شائقین کرکٹ کے نظم و ضبط اور جوش و خروش کا کوئی جوڑ نہ تھا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، ائیر چیف ظہیراحمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ایس ایل 10 کے کامیاب اختتام پر سب سے پہلے اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں، پی سی بی و پی ایس ایل ٹیم کا دن رات محنت پردل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک آرمی، ائیر فورس اور نیوی کی جرات اور بہادری کو یادگار خراج تحسین پیش کیا گیا، تینوں فورسز کی طرف سے بھرپورحوصلہ افزائی پرخصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔