عابدجان(شِنہوا)مغربی افریقہ کا ایک بڑا زرعی میلہ 7 واں عابدجان عالمی زرعی و حیواناتی وسائل میلہ شروع ہوگیا ہے جس میں چین مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں آئیوری کوسٹ کے وزیر اعظم رابرٹ بیوگرے مامبے نے کہا کہ چین عالمی سطح پر زراعت کا چیمپئن ہے اور ملک کے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
پیداوار اور برآمدات میں پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئیوری کوسٹ کی زراعت اب بھی مختلف نقد آور فصلوں، مقامی پیداوار کی پروسیسنگ، اعلیٰ معیار کی پیداوار حاصل کرنے ، کھیتوں کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔
چین کے نائب وزیر زراعت اور دیہی امور ژانگ شنگ وانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئیوری کوسٹ ، کوکو، کاجو اور قدرتی ربڑ جیسی زرعی مصنوعات کی پیداوار کا بڑا ملک ہےجبکہ چین ایک وسیع صارف منڈی رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے پاس زرعی ٹیکنالوجی، زرعی پروسیسنگ اور تجارت میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
دس روزہ میلے میں 5لاکھ سے زائد افراد اور تقریباً ایک ہزار نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے جو افریقہ، ایشیا اور یورپ کی مصنوعات اور خدمات پیش کریں گے۔
