اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بٹ کوائن مائننگ و آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیٹا سینٹرز کیلئے 2 ہزار میگا واٹ بجلی مختص کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل کی قیادت میں ڈیجیٹل معیشت کی نئی راہ ہموار ہوگی، اضافی بجلی کو آمدن کا ذریعہ بنایا جائے گا۔ فنانس ڈویژن کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ سٹریٹجک اقدام پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں اضافی توانائی کو جدت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی آمدنی میں بدل کر اقتصادی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہاپاکستان ڈیٹا سینٹرز کا عالمی مرکز بننے کے لیے جغرافیائی اور اقتصادی لحاظ سے ایک منفرد مقام پر واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا، یورپ اور مشرق وسطی کے درمیان ایک ڈیجیٹل پل کے طور پر پاکستان ڈیٹا کے بہا اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ سٹریٹجک فوائد پیش کرتا ہے۔
پاکستان کریپٹو کونسل کے قیام کے بعد سے بٹ کوائن کی مائننگ اور ڈیٹا انفراسٹرکچر کی عالمی کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے پہلے ہی اس حوالہ سے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس تاریخی اعلان کے بعد آئندہ چند ہفتوں میں مزید عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
فنانس ڈویژن کے مطابق پاکستان کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو اب ایک اعلی ، قیمتی ڈیجیٹل اثاثے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اے آئی ڈیٹا سینٹرز اور بٹ کوائن مائننگ آپریشنز جو مستقل اور زیادہ توانائی کے استعمال کے لیے جانا جاتا ہے ، اضافہ بجلی سے استفادہ کے مواقع فراہم کرتے ہیں،یہ اقدام فاضل توانائی کو ری ڈائریکٹ کر کے اور خاص طور پر صلاحیت سے کم کام کرنے والے پلانٹس سے پاکستان کو طویل عرصے کی مالی ذمہ داری کو ایک پائیدار، آمدنی پیدا کرنے والے موقع میں تبدیل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔