بیجنگ(شِنہوا)چین کی ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ ادارے مشکلات کے باوجود پیداواری ماڈلز، ٹیکنالوجی جدت اور مارکیٹنگ میں اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہیں جو چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں معاون ہیں۔
کاروباری افراد نے اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے بروقت اصلاحات اختیار کرنا بہترین انتخاب ہے چاہے حالات خوشحال ہوں یا مشکل ہوں۔
چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں فوشان کیپ آف گڈ ہوپ کلاتھنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین شیونگ لی کا کہنا ہے کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور اگر آپ خود کو نہ بدلیں تو پیچھے رہ جائیں گے۔
تیز رفتار فیشن ای- کامرس کمپنی شے اِن نے "چھوٹے آرڈر، فوری ردعمل” کے منفرد پیداواری ماڈل کے ذریعے عالمی ٹیکسٹائل صنعت کی اندرونی ساخت پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
شیونگ نے بتایا کہ شے اِن کے ساتھ شراکت داری نے ہماری کمپنی کے آرڈرز میں کمی پر قابو پانے میں مدد دی ہے۔ اب ہمیں اپنی پیداواری صلاحیت کو اس فوری ردعمل والے ماڈل سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مسلسل بہتری لانی ہوگی۔
شیونگ نے یہ بات ایسے وقت میں کہی جب بین الاقوامی صورت حال محدود ہو چکی ہے اور مقامی پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہو رہی ہے جو چین کی ٹیکسٹائل صنعت کے لئے سنگین چیلنج بن چکی ہے۔
کئی ٹیکسٹائل کمپنیاں بین الاقوامی دباؤ کے تحت نئے مواد کی تحقیق و ترقی میں اضافی سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور بین الاقوامی صنعتی شعبے میں اعلیٰ سطح کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ بہت سے کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ کم معیار کی مسابقت کا دور ختم ہو چکا ہے اور مستقبل کی ترقی تخلیق، برانڈنگ اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بین الاقوامی منڈی میں اتار چڑھاؤ بڑھ گیا ہے اور مقامی چیلنج بھی برقرار ہیں لیکن روایتی شعبے کے طور پرٹیکسٹائل صنعت اب بھی بہت بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے جو وسیع منڈی کی طلب اور روزگار کی بڑی صلاحیت کی حامل ہے۔ یہ اب بھی معیشت اور عوامی زندگی کے اہم ستون کے طور پر اپنا کردار برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صنعت میں خطرات کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت کو بڑھانا اور اعلیٰ معیار کی ترقی حاصل کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
