اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے معیشت کی بہتری کیلئے وزارتِ خزانہ وٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستانی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہوا۔جمعہ کو صدر آصف زرداری سے جہاد اظہور کی قیادت میں آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعلی حکام بھی موجو د تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا، پروگرام سے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔صدر نے پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی ترقی میں آئی ایم ایف کا کردار اہم ہے۔
وفد نے پاکستان میں معاشی اصلاحات پر اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کا پروگرام درست سمت گامزن ہے، پروگرام سے پاکستان میں افراطِ زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور مالیاتی خسارہ میں استحکام لانے میں مدد ملی۔صدر مملکت نے معیشت کی بہتری کیلئے وزارتِ خزانہ اور ٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کیساتھ تعاون پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا ۔