جمعرات, مئی 22, 2025
ہومChinaچین، افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا باہمی سیاسی اعتماد بڑھانے...

چین، افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا باہمی سیاسی اعتماد بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی، پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بیجنگ میں ایک غیر رسمی اجلاس منعقد کیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے اجلاس کی صدارت کی۔

تینوں وزرائے خارجہ نے چین، افغانستان اور پاکستان کے سہ فریقی مذاکرات کے نتائج کو سراہتے ہوئے سہ فریقی میکانزم کی صلاحیت کو مزید بروئے کار لانے اور باہمی مفید تعاون کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے  وانگ نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تینوں ممالک کو باہمی سیاسی اعتماد کو بڑھانا اور پڑوسیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھنا چاہیے۔

وانگ نے کہا کہ چین افغانستان اور پاکستان کے اپنے قومی حالات  کے مطابق ترقیاتی راہ اختیار کرنے اور اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار کا دفاع کرنے کی حمایت کرتاہے۔

وانگ نے بتایا کہ وزرائے خارجہ نے  کابل میں چھٹے چین-افغانستان-پاکستان سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات کے جلد انعقاد پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ان کے مطابق افغانستان اور پاکستان نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کو بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ فریقین نے جلد سفیروں کے تبادلے پر اصولی طور پر  اتفاق کیا۔

وانگ نے کہا کہ چین اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے افغانستان-پاکستان تعلقات بہتر کرنے میں سہولت کاری کرنے کو  تیار ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو گہرا کرنے سے متعلق وزرائے خارجہ نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری کو افغانستان تک توسیع دینے اور علاقائی رابطے کی بنیادی سہولیات  کی ترقی تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وانگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان، افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کی حمایت کرتے ہیں اور افغانستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں تاکہ اس کی اپنی ترقی کی صلاحیتوں  کو بڑھانے میں مدد مل سکے۔

وانگ کے مطابق تینوں ممالک نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرنے، قانون پر عملدرآمد، سکیورٹی تعاون جاری رکھنے، متعلقہ دہشت گرد قوتوں کا مقابلہ کرنے اور علاقائی ممالک کے اندرونی امور میں بیرونی مداخلت سے ہوشیار رہنے پر اتفاق کیا۔

وزرائے خارجہ نے تینوں ممالک کی ترقی کے لئے سازگار بیرونی ماحول پیدا کرنے کی غرض سے علاقائی امن و استحکام کو محفوظ بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!