بیجنگ(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہناہے کہ چین، پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کرنے، ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول اور بنیادی حل تلاش کرنے کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کےسیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ یہ دونوں فریقین کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات سے مطابقت رکھتا ہے، علاقائی امن و استحکام کے لئے سازگار اور عالمی برادری کی بھی مشترکہ خواہش ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان نے روایتی دوستی کو مستحکم کرنے، باہمی مفید تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر مسائل کا مقابلہ کرنے سے متعلق قریبی تزویراتی روابط برقرار رکھے ہیں جو دوطرفہ تعلقات میں اعلیٰ سطح کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آہنی دوستوں کے طور پر چین ہمیشہ کی طرح پاکستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، اس کی قومی صورتحال کے مطابق ترقی کا راستہ تلاش کرنے، دہشت گردی کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے اور عالمی و علاقائی معاملات میں زیادہ اہم کردار ادا کرنے میں مضبوطی سے حمایت کرے گا ۔
وانگ نے پاکستان کے ساتھ تزویراتی تعاون پر مبنی سدا بہار شراکت داری کو مسلسل گہرا کرنے سے متعلق چین کا عزم بھی دہرایا۔
انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کا ایک بہتر ورژن تیار کرنے میں ہاتھ ملائیں اور صنعت، زراعت، توانائی ومعدنیات، افرادی قوت کی ترقی، انسداد دہشت گردی اور تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایک چین کے اصول پر پختگی سے قائم ہے اور قومی مفادات اور وقار کے تحفظ میں چین کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی اختراعی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی میں نئی کامیابیوں کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ ہمہ گیر تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور موجودہ مشکلات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں چین سے بھرپور تعاون حاصل کرتا رہےگا۔
