کراچی: وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اب کوشش ہے کہ عوام کو بجٹ میں خوش خبری دیں، حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت بہتر ہوئی ہے، ہماری معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کی سربراہی میں محنت کی ہے، جو بجٹ آنے والا ہے اس میں عام آدمی کے لیے خوش خبری ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے اتوار کو فاقی وزرا کے وفد کے ہمراہ گورنر ہاوس کراچی میں گورنر سندھ اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ مشکل کے دور میں ساتھ دینے پر عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا، آئندہ بجٹ میں ملک کے لیے بہتر ہو گا، بجٹ سے متعلق سب سے مشاورت کر رہے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گورنر صاحب اور ایم کیو ایم کے رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی وزرا اور ایم کیو ایم پاکستان کا شکر گزار ہوں، تمام فورسز کے سربراہوں، وزیرِ اعظم اور نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بھی تائید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں، ہم نے زور دیا کہ عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں ڈائریکٹ ٹیکس کے معاملے کو بھی وسیع کرنا ہے، کراچی اور حیدر آباد سے متعلق ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان شا اللہ اگلے سال دسمبر تک کے فور منصوبہ مکمل ہو جائے گا، کراچی میں بڑا مسئلہ نکاسی اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا ہے اسے حل کیا جائے گا۔