اتوار, مئی 18, 2025
ہومLatestشمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 100 سے...

شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی،محکمہ شہری دفاع

غزہ(شِنہوا)غزہ کے شہری دفاع نے کہا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔

بعد ازاں ایک بیان میں غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی کہ کم از کم 109 افراد شہید ہوئے جبکہ 216 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ شمالی غزہ کی پٹی کے لئے ایک مشکل اور خونی دن ہے۔

فلسطینی طبی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

عینی شاہدین اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے بلا روک ٹوک صبح سویرے سے جاری ہیں، جن میں شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ اور بیت لاہیہ میں رہائشی مکانات اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض متاثرین ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جہاں طبی عملہ پہنچنے سے قاصر ہے۔

اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا کہ انٹیلی جنس کی ہدایت پر اس کے فوجی غزہ کی پٹی میں عسکریت پسند گروہوں کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور علاقے میں 150 سے زیادہ دہشت گردوں کے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن میں ٹینک شکن میزائل پوسٹیں، دہشت گرد سیل، فوجی ڈھانچے اور آپریشنل مراکز شامل ہیں۔

18 مارچ کو اسرائیل نے علاقے میں اپنی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کیں۔ غزہ میں قائم صحت کے حکام نے   کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے دوبارہ شدید حملوں کے بعد سے اب تک کم از کم 2ہزار 985 فلسطینی شہید اور 8ہزار 173 زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 53ہزار119 اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 20ہزا 214 ہوگئی ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!