اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کیساتھ تعلقات و باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے،دونوں ممالک کے درمیان منظم جرائم کی روک تھام میں تعاون کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔جاری بیان کے مطابق ہفتے کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور برطانیہ کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان برطانیہ تعلقات، دوطرفہ تعاون ،ترقیاتی شراکت داری ،غیر قانونی امیگریشن سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ محسن نقوی نے اپ سکیل پروگرام کے تحت خصوصی تعاون پر برطانوی حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپ سکیل پروگرام منظم جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، بچوں سے متعلق آن لائن ہراسانی، میوچوئل لیگل اسسٹنس و ایکسٹراڈیشن، کریمنل ریکارڈ کے تبادلے، سیکس آفنڈر مینجمنٹ، غیر قانونی فنڈنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں پر باہمی اشتراک سے کام جاری ہے ،دونوں ممالک کے درمیان منظم جرائم کی روک تھام میں تعاون کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل کرائم ایجنسی کے تعاون سے اے این ایف نے 4.3ٹن افیون پکڑی، مالیت 22ملین پاونڈ بنتی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہمی پر پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ اپ سکیل پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔