جمعہ, مئی 16, 2025
ہومLatestبھارتی جارحیت کیخلاف کامیابی غیرت ،اصولوں کی فتح ہے،شہباز شریف

بھارتی جارحیت کیخلاف کامیابی غیرت ،اصولوں کی فتح ہے،شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کیخلاف کامیابی غیرت اور اصولوں کی فتح ہے،مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ،دنیا نے دیکھ لیاکئی گنا بڑے دشمن کو چند گھنٹے میں گھٹنے ٹیکنے میں پر مجبور ، غرور تباہ کردیا،ہماری کارروائی انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون و تعصب پر قائم بوسیدہ نظریئے کیخلاف تھی۔یوم تشکر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لانے کیلئے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6اور 7مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر اور پیشہ ورانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں موثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے، دشمن کے فوجی اڈے ، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے ، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریئے کیخلاف تھی جو انسان دشمنی ، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے ،یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاک افواج کے ان تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکہ حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر اپنی اور قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔

میں اس کے ساتھ ساتھ چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر بابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں۔ میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قیادت میں پاکستان نیوی پاکستان کے سمندری پانیوں کی حفاظت کرتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا ۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!