اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ بالکل واضح ہو گیا بھارت کا پوری دنیا میں صرف مددگار اسرائیل تھا، اسرائیل فلسطینیوں کو زمین سے بے دخل کرتا ہے، کشمیریوں پر ظلم کا نظام قائم کیا گیا ہے، یہ سلسلہ ابھی تک رکا نہیں ہے، مسلسل فلسطینیوں کی بستیوں پر قبضہ جاری ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، عالمی عدالت نے نیتن یاہو کو مجرم قرار دیا ہے، اسے گرفتار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ امن چاہتے ہیں، تجارت چاہتے ہیں تو اس جنگ کو روکنا پڑے گا، جواب دینا پڑے گا کہ جب اتنا قتل عام ہو رہا تھا تو امریکا کیا کر رہا تھا، جو احتجاج کر رہے ہیں ان طلبا کو امریکا سے ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔
انسانیت کا امن مشرق وسطی کے امن سے مشروط ہے، فلسطینی 100 سال سے بھی زائد عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ فلسطین میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شہید ہوئے، امریکا کی ذمے داری ہے کہ وہ اسرائیل کو روکے، بھارت بھی اسرائیل کی ٹیکنالوجی پر ہی لڑ رہا تھا لیکن پاکستان نے شکست دی۔