بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ مارکیٹ ضابطہ کار، ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ضابطہ کار اور 4 دیگر سرکاری اداروں نے خوراک کی ترسیل کے بڑے پلیٹ فارمز پر زور دیا ہے کہ وہ اس شعبے کے مسابقتی طریقوں سے متعلق اہم مسائل کو حل کریں۔
حکومت نے حال ہی میں JD.com، می توان اور Ele.me سمیت خوراک کی ترسیل کرنے والے پلیٹ فارمز کے ساتھ ایک ضابطہ جاتی اجلاس میں ان پر زور دیا کہ وہ ملک کے ای کامرس، انسداد غیر منصفانہ مقابلے، اور خوراک کے تحفظ سے متعلق قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔
ان اداروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داریاں پوری کریں، داخلی انتظام کو بہتر بنائیں، قانونی اور منظم طریقے سے کام کریں اور ایک مثبت مارکیٹ ماحول کے فروغ کےلئے منصفانہ مقابلہ کریں۔
اجلاس میں پلیٹ فارم معیشت میں مثبت ترقی کے لئے صارفین، پلیٹ فارم آپریٹرز اور ترسیلی کارکنوں کے قانونی حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
یہ مذاکرات ملک میں خوراک کی ترسیل کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے تناظر میں ہوئے جس میں مارکیٹ کے متعدد ادارے اس ابھرتی ہوئی صنعت سے حصہ حاصل کرنے کے لئے اس کا حصہ بن رہے ہیں۔
