راولپنڈی: بھارتی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والے افواج پاکستان کے مزید 2 جوان شہید ہوگئے جس کے بعد بھارتی حملوں میں شہید جوانوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی جبکہ 78 اہلکار زخمی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق شہدا میں پاک فوج کے حوالدار محمد نوید اور پاک فضائیہ کیسینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کو شروع کی گئی بھارتی مسلح افواج کی کھلی اور بزدلانہ جارحیت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میںخواتین، بچے، اور بزرگ بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی عظیم قربانی ان کے حوصلے، فرض سے وفاداری، اور غیر متزلزل حب الوطنی کی ہمیشہ رہنے والی علامت ہے، یہ قربانیاں قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے جرات اور قربانی کی روشن مثال بنی رہیں گی،پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر ان عظیم شہدا کو اعلی ترین خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔