اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں جام شہادت نوش کرنیوالے فوجی افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی ،غرور کو خاک میں ملا دیا ،دشمن پر واضح کردیا اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت ،خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے بہادر افسروں اور جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے قوم سے کیا ہوا عہد پورا کردیا، پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
منگل کو جاری بیان میں وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کیخلاف اورارض وطن کے تحفظ کیلئے معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے 5اور پاک فوج کے 6افسران و جوانوں کو شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔
انہوںنے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور اہل خانہ پر فخر ہے۔ انہوںنے بھارتی جارحیت میں 15کم سن بچوں،7خواتین سمیت 40معصوم لوگوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے وطن کو بھولے ہیں نہ بھولیں گے ،اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا پیکیج کا اعلان کیا جاچکا ہے ، شہدا کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور طور سے انجام دے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے واضح کردیا اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ہم پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں ،بنیان مرصوص اس کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔