راولپنڈی: افواج پاکستان نے بتایا ہے کہ بھارتی جارحیت کے دوران وطن کی حفاظت کرتے 11فوجی جوان اور 40 شہری شہید ہوئے ،قوم دشمن کی ہر جارحیت کے خلاف پرعزم ہے،پاکستان کی خودمختاری ،سرحدوں کی حرمت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، کوئی غلط فہمی نہ رہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے دوران وطن کی حفاظت کرتے 11جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78اہلکار زخمی ہوئے۔ترجمان کے مطابق مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6اور فضائیہ کے 5اہلکار شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ شہید ہونیوالوں میں لانس نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، اور نائیک وقار خالد شامل ہیں، جبکہ سپاہی عدیل اکبر اور نثار بھی وطن پر قربان ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب ،سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق بھی شہدا میں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے 6اور 7مئی کو بلااشتعال حملے شروع کئے، بھارتی حملوں میں 40عام شہری شہید ہوئے، جن میں 7خواتین اور 15بچے شامل تھے، بھارتی حملوں سے 27بچوں اور 10خواتین سمیت 121افراد زخمی ہوئے۔
جاری بیان میں کہا گیاہ ے کہ شہدا قوم کا فخر ہیں، شہدا کی قربانی جرات، جذبے اور محب الوطنی کی شاندار علامت ہے، ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، قوم دشمن کی ہر جارحیت کیخلاف پرعزم ہے اور کوئی غلط فہمی نہ رہے۔
پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی جارحیت کی آئندہ کوشش کا بھرپور، فیصلہ کن اور ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا، ان شا اللہ۔