لاہور: پاکستان کی نامور اور باوقار اداکارہ لیلی زبیری نے کہاہے کہ میرے شوہر نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، وہ میرے لیے ایک مضبوط ڈھال بنے۔ ایک ٹی وی پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیلی زبیری نے کہاکہ میرا شوبز میں آنا ایک آسان فیصلہ نہیں تھا، میرا سسرال بالخصوص میرے ساس و سسر، اس بات کے خلاف تھے کہ میں ٹی وی پر آوں یا اداکاری کروں، خاندان کے بزرگوں کو یہ بات قابلِ قبول نہیں تھی، اس وقت شوبز کو عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا تھا خاص طور پر بہو کے لیے۔
انہوں نے مزید کہا میرے شوہر نے نا صرف میری بات سنی بلکہ ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، انہوں نے خاندان کے سامنے میرا دفاع کیا، میری صلاحیتوں پر یقین کیا اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ نا صرف میرے شوہر بلکہ سسرال والے بھی میری محنت اور باعزت اندازِ زندگی سے متاثر ہوئے اور میری نند اور ساس آج فخر سے میرا نام لیتی ہیں۔واضح رہے لیلی زبیری کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے دہائیوں پر محیط فنی سفر کے دوران اپنی باوقار شخصیت، جاندار اداکاری اور سادہ مگر بااثر انداز سے ناظرین کے دلوں پر راج کیا ہے۔