مکاؤ (شِنہوا) چین کی یوم مئی تعطیلات کے پہلے 3 دنوں میں مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے میں سیاحوں کی نمایاں آمد ہوئی جس نے مقامی سیاحت کی صنعت کو نئی توانائی بخشی ہے۔
خصوصی انتظامی علاقے کی پبلک سکیورٹی پولیس فورس (سی پی ایس پی)کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جمعرات سے ہفتہ تک مکاؤ کی سرحدی چوکیوں نے بالترتیب 7لاکھ31ہزار474، 8 لاکھ 37ہزار62 اور 8لاکھ26ہزار273 افراد کی آمد و رفت ریکارڈ کی۔
جمعہ کو یومیہ سب سے زیادہ مجموعی تعداد رہی جس میں 2 لاکھ 21ہزار968 آنے والے سیاح شامل تھے جو وبا کے بعد سے ایک دن میں آنے والے سیاحوں کی سب سے زیادہ ریکارڈ تعداد ہے۔
ہانگ کانگ میں مقیم فرانس سے آئے ہوئے سیاح آرتھر ڈیلاپورٹ نے مکاؤ کی ثقافتوں کے منفرد امتزاج کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے ارد گرد یورپی فن تعمیر دیکھنا بہت دلچسپ ہے، زمین پر لگی اینٹیں ہمیں یورپ کی یاد دلاتی ہیں جو دلچسپ ہے۔
ہجوم کے باوجود ڈیلاپورٹ نے مکاؤ کے پرانے شہر میں اپنے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا اظہار کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح یورپی طرز کا فن تعمیر ایک خوشگوار حیرت تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یہاں اس قسم کے یورپی اثر و رسوخ کا تصور بھی نہیں کیا تھا لیکن یہ بہت اچھا ہے۔
