لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چوتھی اڑان بھرنے جا رہا ہے، ہمیں ہر حال میں معاشی استحکام کی طرف جانا ہوگا، ملک کے پیچھے رہنے کی کئی وجوہات ،مارشل لا نے ترقی کا سفر روکا،ہم نے کامیابیوں کو اپنے ہاتھ سے کلہاڑا مار کر برباد کیا۔
لاہور میں سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو بھارت نے ہمارے وسائل پر قبضہ کیا، 1960 میں ایکسپورٹ 200ملین ڈالرز تھی، آج 32ارب ڈالرز پر پہنچے ہیں۔ہم رفتہ رفتہ ہر ملک سے پیچھے کیوں رہ گئے؟ اس کی کئی وجوہات ہیں، ملک میں مارشل لا نے ترقی کا سفر روک دیا، ہمارے وژن 2025 پر لوگ ہنستے تھے، ہم نے کامیابیوں کو اپنے ہاتھ سے کلہاڑا مار کر برباد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کو بھی چور بنا کر کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، گزشتہ دورِ حکومت میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری پوچھ رہا ہے ہم نے کامیابی کا کتنا سفر کیا؟ ۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چوتھی اڑان بھرنے جا رہا ہے، ہمیں ہر حال میں معاشی استحکام کی طرف جانا ہوگا، اس ملک میں ہر خواب کی تعبیر مل سکتی ہے۔