تاکیو(شِنہوا)کمبوڈیا نے چین کی مالی اعانت سے تعمیر کردہ 3 قومی شاہراہوں کا افتتاح کردیا جن کی کل لمبائی تقریباً 201 کلومیٹر ہے اور یہ مملکت کے جنوب مغربی خطے کے 5 صوبوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔
قومی شاہراہ 31 (53.5 کلومیٹر) تاکیو کو کمپوٹ سے ملاتی ہے۔ قومی شاہراہ 33 (52.5 کلومیٹر) کمپوٹ کو کیپ جبکہ قومی شاہراہ 41 (95 کلومیٹر) کندل، کمپونگ سپیو، تاکیو اور کمپوٹ کو ملاتی ہے۔
کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانت اور کمبوڈیا میں چین کے سفیر وانگ وین بِن نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی جس میں ہزاروں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ہن مانت نے کہا کہ یہ سڑکیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں اور یہ ان صوبوں میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، زراعت اور لاجسٹکس کی ترقی کے لئے اہم شہ رگ ہیں۔
انہوں نے چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمبوڈیا اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات کا ایک اور ثمر ہے۔
چینی سفیر وانگ وین بِن نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان شاہراہوں سے مقامی کاشتکاروں کو ان کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات جیسے تاکیو میں مشہور لابسٹر اور کمپوٹ میں مرچوں کو مشہور بازاروں تک پہنچانا آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا میں چینی کاروباری اداروں کی جانب سے تعمیر کی جانے والی سڑکیں چین اور کمبوڈیا کی دوستی کی مسلسل ترقی کی علامت اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
کمبوڈیا کے تعمیرات اور ٹرانسپورٹ کے وزیر پینگ پونیا نے کہا کہ سڑکوں نے سفر اور سامان کی نقل و حمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
