بلغراد (شِنہوا) سربیا میں طویل ترین سرنگ تکمیل کے قریب پہنچ چکی ہےجو کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چینی اداروں کا تعمیرکردہ منصوبہ ہے۔
سربیا کےصدر الیگزینڈر ووسک نے اریشکی ویناک تعمیراتی مقام کے دورے پر اعلان کیا کہ دوہری ٹیوب والی یہ سرنگ نووی ساد اور روما کو ملانے والی 44.41 کلومیٹر طویل فروسکا گورا راہداری کا حصہ ہے جو کہ ہر سمت میں تقریباً 3.5 کلومیٹر طویل ہوگی۔
ووسک نے تصدیق کی ہے کہ تقریباً 6 ہزار میٹر کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ یہ سرنگ ایک سال کے عرصے میں ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہاں پیشرفت دیکھ کر بہت خوش ہیں، جلد ہی سربیا کی طویل ترین سرنگ مکمل ہو جائے گی اور ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی۔
اس منصوبے سے سفری وقت نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے اور نووی ساد سے لوزنیکا تک کا سفری دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے سے کم ہو کر صرف 90 منٹ تک رہ جائے گا ۔
سربیا میں چینی سفیر لی منگ بھی ووسک کے ساتھ تھے جنہوں نے اس منصوبے کو سربیا-چین تعاون میں ایک سنگ میل قرار دیا۔
لی نے کہا کہ یہ سرنگ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک ٹھوس نتیجہ ہے۔ یہ علاقائی رابطے کو مضبوط ،اقتصادی ترقی میں تعاون اور سربیا اور اس کے ہمسائیوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنائے گی۔
