اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ عالمی منڈی تک رسائی کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں جدت ناگزیر ہے، وزیرِ اعظم کی قیادت میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبے ترقی کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکریٹری جنرل دیما الیحیی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ 9 ماہ میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ڈیجیٹل کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی معاونت سے 700 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے، اس کانفرنس کے توسط سے پاکستان میں آئی ٹی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دیما الیحیی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، فورم میں شرکت کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے، پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔