راولپنڈی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پہلگام ایل او سی سے 2سو کلو میٹر دور ہے،آزمانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب ملے گا،اس بار ٹی فینٹاسٹک نہیں، مار بھی فینٹاسٹک پڑے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ایک ڈھال ہیں،ہم بیانئے کی جنگ تو جیت رہے ہیں لیکن اگر ان کا کوئی اور موڈ ہوا تو بھی بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنا بھر پور جانتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو ماضی میں بھی دھول چٹائی تھی، بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پہلگام ایل او سی سے 2سو کلو میٹر دور ہے، ہمیں آزمانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب ملے گا اس بار ٹی فینٹاسٹک نہیں، مار بھی فینٹاسٹک پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں، پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے پر بھی غور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری میم گیم بھی بہت اوپر ہے،پاکستانیوں نے میم گیم میں بھی کامیابی حاصل کی ہے، سلام پیش کرتا ہوں۔
ہم نے بھارتی ایئرلائنز کیلئے ایئر اسپیس بند کردی جس سے بھارتی ایئرلائن کے ٹکٹ کی کاسٹ بڑھ گئی، بھارتی معیشت پر ضرب لگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارت کو سمجھ آگیا انہوں نے جو پروپیگنڈا کیا اس کا جواب مل رہا ہے، ان کو اب شرمندگی ہوگی۔