اسلام آباد: رہنماء پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے نیشنل سیکورٹی معاملات میں عمران خان کی شمولیت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے یکطرفہ سندھ طاس معاہدہ ختم، اتاشی باہر نکال دیئے وہ اس سے قبل اتنی جرات کے قابل نہ تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ریاست کے چاروں ستونوں کو برباد کر دیا گیا ہے، ہمارا لیڈر عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے، اب ان کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، وہاں عدالتی احکامات پر ایک کرنل کے احکامات بھاری پڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام، ملک ،قانون و آئین کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، یہ سب کسی کو بھی قبول نہیں ہے، سندھ کی عوام، کسان ، وکلاء سڑکوں پر ہیں، آج بھارت کو جرات ہوئی ہے کہ یکطرفہ سندھ طاس معاہدہ ختم کر دیا، ہمارے اتاشی باہر نکال دیئے، وہ اس حکومت کے آنے سے قبل اتنی جرات کے پہلے قابل نہیں تھے،ہم نے پاکستان کا پانی دشمن سے چھیننا ہے۔
انہوںنے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان کیساتھ کھڑی ہے،نیشنل سیکورٹی کے تمام معاملات میں عمران خان کا شامل ہونا اہم ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 26ترمیم جس ڈھٹائی سے کی گئی سب کے سامنے ہیں، اختر مینگل پارلیمنٹ میں اپنے سینیٹر تلاش کرتے رہے ، ہمارے کچھ ایم این ایز کو لالچ دی گئی جبکہ کچھ کو اٹھایا گیا۔