واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اصلاحات کے باعث بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے،فچ کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پاکستان کے مالیاتی استحکام کی عکاس ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سپرنگ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی بینکوں کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر خزانہ نے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، حالیہ مالی و مانیٹری پیش رفت اور جاری اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی ساختی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن کے باعث بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فچ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملک کے مالیاتی استحکام کی عکاس ہے۔
ملاقات کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا جس میں شرکاء نے پاکستان کی اقتصادی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈوئچے بینک کے اعلی سطحی وفد سے بھی ملاقات کی جس کی قیادت مریم وازانی ایم ڈی برائے مشرق وسطی و شمالی افریقہ کر رہی تھیں۔
ملاقات میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں واپسی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پانڈا بانڈز اور ای ایس جی بانڈز کے اجرا پر زور دیا جو پاکستان کی مستحکم معیشت و بہتر ہوتی کریڈٹ پروفائل کے پیش نظر ممکن ہو سکتے ہیں۔