بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو سے پیر کے روز ملاقات کی ہے۔
ہان نے کہا کہ گزشتہ برس چینی صدر شی جن پھنگ اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔انڈونیشیا برادری کے قیام پر ایک اہم اتفاق رائے کیا تھا جوعلاقائی اور عالمی اثر و رسوخ کا حامل ہو ۔اس نے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کی سمت بھی متعین کی تھی ۔
ہان نے کہا کہ چین ، انڈونیشیا کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کی رہنمائی پر عمل پیرا ہونے، اسٹریٹجک ہم آہنگی مستحکم کرنے ، کثیر الجہتی تعاون میں اضافے ، مشترکہ مستقبل کےساتھ چین۔انڈونیشیا برادری کو مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچانے اور دونوں ممالک میں جدیدیت پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ خطے اور دنیا کی خوشحالی و ترقی میں بڑا حصہ ڈالنے کو تیار ہے۔
ملاقات کے دوران سوگیونو نے کہا کہ انڈونیشیا سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو ایک موقع کے طور پر لینے کے لیے تیار ہے تاکہ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کیا جا سکے، کثیرالجہتی نظام کا بھرپور دفاع کیا جا سکے، خطرات اور چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مزید ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
