جمعہ, اپریل 18, 2025
ہومLatestدنیا کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہونا بہتر حکومتی پالیسیوں...

دنیا کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہونا بہتر حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،جام کمال

منسک: وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ دنیا کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہونا بہتر حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ ،کاروباری افراد کو سہولیات فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں، ہم اپنی بزنس کمیونٹی کی معاونت اور اسے مضبوط کر رہے ہیں۔

جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ بیلا روس بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ چند ماہ قبل بیلاروسی صدر پاکستان کے دورے پر آئے تھے جہاں دونوں ممالک کے درمیان جے ایم سیز اور کاروباری سطح پر اجلاس ہوئے ، اب وزیراعظم پاکستان بیلاروس کے دورہ پر آئے ہیں، جس کا مقصد مختلف ممالک میں دستیاب مواقع سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہاں پاکستان کے 100لوگ بی ٹو بی کے شعبے میں آئے ہیں اور یہاں دستیاب مواقع کو تلاش کر رہے ہیں ،وزیراعظم اس حوالے سے اپنی ذاتی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بیرون ممالک دوروں پر اپنے ساتھ کاروباری وفود لے کر جارہے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی کو ریگولیٹرز،اعلی حکام اور وزرا کے ساتھ روابط استوار کرنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے دن سے یہی کہہ رہے ہیں ،آج دنیا اس جانب مائل ہو رہی ہے کہ ٹیرف کے درپیش چیلنجز کو بزنس کمیونٹی ہی حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بزنس کمیونٹی کی معاونت اور اسے مضبوط کر رہے ہیں، پاکستان میں بہت سے چیلنجز ہیں لیکن وزیراعظم اور ان ٹیم نے گزشتہ سال کے دوران ان چیلنجز کا جس طرح سامنا کیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری افراد کی سہولت کے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے،دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہو رہی ہے، پاکستان میں کامیاب منرلز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں امریکہ ، سعودی عرب، ترکیہ سمیت مختلف ممالک سے سرمایہ کار اور کاروباری افراد آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے معاملات بہتری کی طرف لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر گزرتا دن مزید بہتر ہو رہا ہے، پالیسی ریٹ، بجلی ریٹ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی طور پر کرنسی کی بحالی سمیت باقی چیزوں میں بھی بہتری نظر آرہی ہے،آج پوری دنیا ہماری اس کامیابی کو تسلیم کر رہی ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!