لاہور:رہنماء پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے وزیر اعلی پنجاب کی کارکردگی پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے کہاہے کہ میرا کام آگ لگانا نہیں بجھانا ہے، جیل میں پڑے لوگ باہر موجود قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں ان سے استدعاء ہے اتفاق و سلوک رکھیں اور جیل والوں کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
اے ٹی سی لاہور پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماء ایک دوسرے پر بیان بازی نہ کریں ،اپنی صفوں کے اندر یکجہتی رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں قیدی نمبر 805ہوں، یہ نمبر مجھے بانی پی ٹی آئی نے دیا تھا میں دیانتداری سے کہہ رہا ہوں جن کیسز میں ہم جیل میں ہیں، میں ان میں ملوث نہیں ہوں،میں کسی سازش ، توڑپھوڑ یا واقعے میں موجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف درج مقدمات میں ایک ہی الزام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنڈی میں 14اور ملتان میں 5مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے، لاہور میں 14مقدمات سے 8میں ضمانت ہو گئی ،باقی 6مقدمات رہ گئے ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا کام آگ لگانا نہیں ہے، آگ بجھانا ہے،وزیر اعلی پنجاب کی کارکردگی پر خاموشی اختیار کروں گا ۔