بیجنگ (شِنہوا) چین کی مرکزی حکومت رواں سال بھی شہری تجدیدی منصوبوں میں تعاون جاری رکھے گی جس میں عوامی مسائل فوری حل کرنے اور اعلیٰ معیار کی شہری ترقی کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر منگل کے روز جاری ایک بیان کے مطابق حکومت ایک پائیدار شہری تجدید کا طریقہ کار وضع کرنے، شہری بنیادی سہولیات میں خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنے اور کھپت پر مبنی بنیادی شہری سہولیات کی تعمیر کے فروغ کے طریقے تلاش کرے گی۔
شہری تجدید کے لئے مالی تعاون کا ہدف 2025 میں بڑے اور میٹروپولیٹن شہر ہوں گے جن کی تعداد 20 سے زائد نہیں ہوگی۔ ترجیح بڑے اور انتہائی بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ دریائے زرد اور پرل جیسے اہم دریائی طاسں پر واقع بڑے شہروں کو دی جائے گی۔
مرکزی حکومت منتخب شہروں کو ان کے خطوں کی بنیاد پر مقررہ سبسڈی مہیا کرے گی ۔ مشرقی خطے میں فی شہر مجموعی سبسڈی80کروڑ یوآن (تقریباً 11کروڑ10لاکھ50 ہزارامریکی ڈالر) سے زائدنہیں ہوگی۔وسطی خطے کے لئے 1 ارب یوآن ، مغربی خطے اور براہ راست مرکزی حکومت کے زیر انتظام بلدیات کے لئے 1.2 ارب یوآن سے زائد نہیں ہوگی ۔ فنڈز منصوبوں کی پیشرفت کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مختص کئے جائیں گے۔
منتخب شہروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ 3 سال کے اندر مقامی زیر زمین پائپ لائنوں اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کو نمایاں طور پر بہتر بنانے کے لئے سبسڈی کا استعمال کریں گے۔
بیان کے مطابق منتخب شہروں میں مقامی گندے پانی کی نکاسی اور ٹریٹمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور پرانے شہری علاقوں کے رہائشی ماحول میں نمایاں ترقی دی جائے گی۔
