بیجنگ (شِنہوا) چین کی قومی صحت تحفظ انتظامیہ نےاپنے سرکاری وی چیٹ اکاؤنٹ کے ذریعے اطلاع دینے کی ایک خدمت کے آغاز کا اعلان کیا ہےجس کے تحت سماجی تنظیمیں اور عوام طبی بیمہ دھوکہ دہی سے متعلق اطلاع فراہم کرسکیں گے۔
انتظامیہ نے پیر کے روز کہا کہ درست اطلاع دینے والے کو ایک مرتبہ 200 یوآن (تقریباً 27.8 امریکی ڈالر) سے لے کر 2لاکھ یوآن تک کی رقم بطور انعام دی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طبی بیمہ فنڈز کا غلط استعمال عوامی مفادات کو نقصان پہنچارہا ہے ۔ پورے معاشرے پر زور دیا گیا ہےکہ وہ دھوکہ دہی کی روک تھام کے لئے کوششیں کریں۔
چینی طبی بیمہ نگران اداروں نے 2024 میں غلط استعمال شدہ طبی بیمہ فنڈز کے 27.5 ارب یوآن واپس حاصل کئے تھے اور مجموعی طور پر 10ہزار741 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
چینی حکومت نے عوامی صحت کے فائدے کے لئے ایک ایک پیسے کا زیادہ سے زیادہ درست استعمال یقینی بنانے کے لئے طبی بیمہ فنڈز کی نگرانی کو مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔
