لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پانی تقسیم کے مسئلے پر سیاست افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بلاول بھٹو جلسوں میں کھڑے ہو کر مسئلہ حل کرنے کی بجائے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، بیٹھ کر وفاق کے سامنے اپنی باتیں رکھی جائیں، تھیٹرز کی جانب سے بلیک میل، قانونی کارروائی کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، دباؤ میں نہیں آؤںگی ،بجلی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم ، ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، شور کرنیوالوں کے مفادات آئی پی پیز ،بجلی کمپنیوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ملک میں خوشخبریوں کا موسم شروع ہوگیا ہے، وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجلی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جس پر وہ اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کے آئی پی پیز اور بجلی کمپنیوں سے مفادات جڑے تھے، وہ اب عوامی ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے، تاہم چند دن میں وزیراعظم ایک اور خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو 1.11ارب روپے کی بچت فراہم کی گئی، جہاں 3.57ارب روپے کی خریداری ہوئی، 28ہزار شہریوں نے سہولت بازار سے 3کروڑ روپے کا سامان فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے حاصل کیا، اگست تک مزید13نئے سہولت بازار قائم کئے جائیں گے اور 69کروڑ روپے کی لاگت سے موجودہ بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں، علی امین کی جانب سے پارٹی پر 75کروڑ روپے خرچ کرنے کا بیان قابل تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی صورت حال بدتر ہے ،ہینڈ گلوز جیسے بنیادی سامان کی خریداری میں بھی کرپشن کے شواہد موجود ہیں، چترال میں جنگلات منصوبے کے حوالے سے خزانے کو 866کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پانی تقسیم کے مسئلے پر سیاست کو فسوسناک ہے، بلاول بھٹو کو جلسوں میں کھڑے ہو کر مسئلہ حل کرنے کی بجائے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے، انہیں بیٹھ کر وفاق کے سامنے اپنی باتیں رکھنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹرز کے ماحول بارے وزیراعلی سے بات کی ہے جلد نیا لائحہ عمل دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹرز کی جانب سے مجھے بلیک میل کیا جا رہا ،قانونی کارروائی کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم کسی دباؤ میں نہیں آؤں گی۔