کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وزیراعظم سے کینالز کے خاتمے کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے واضح کہہ دیا پیپلزپارٹی عوام کیساتھ کھڑی ہے شہباز شریف کیساتھ نہیں، (ن) لیگ کے کچھ نا سمجھ لوگ آئین پڑھے بغیر بیان دے دیتے ہیں،کوئی عقلمند انسان عظمی بخاری جیسا بیان نہیں دے سکتا، انہیں پیپلز پارٹی کیساتھ مسئلہ ہے تو بیٹھ کر حل کریں ،ملک میں افراتفری چاہنے والوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں موجودہ ملکی مسائل پر روشنی ڈالی ۔بلاول بھٹو نے واضح الفاظ میں کہا کینالز نا منظور ہیں، ہم شہباز کے ساتھ نہیں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی صورت کینالز کو بننے نہیں دیا جائیگا، پانی بارے اب تک پنجاب حکومت واضح نہیں کر سکی وہ کہاں سے آئیگا؟۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بیرونی ہاتھ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کسی صورت ملک کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، جو لوگ افراتفری چاہتے ہیں انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔شرجیل میمن نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ آصف زرداری نے دیا، انہوں نے ملک کے ہر کونے کی آواز سن کر کالا باغ ڈیم مسئلے پر فیصلہ دیا ،این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبائی خود مختاری پر بھی صدر زرداری کے دور میں کام ہوا ، خیبر پختونخوا کا نام بھی آصف زرداری نے ہی رکھا ،بلوچستان کیلئے پیکیج کا اعلان بھی صدر نے کیا تھا، کینالز کا مسئلہ بھی سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے ہی اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں کچھ نا سمجھ لوگ ہیں جو آئین پڑھتے نہیں اور بیان دے دیتے ہیں، پروپیگنڈا وہ لوگ کر رہے ہیں جو کل کالا باغ ڈیم کی حمایت میں ریلیاں نکال رہے تھے، حکومت چھوڑنا بڑی بات نہیں، حالات اوروقت کے مطابق فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ کل چیئرمین نے اعلان کیا 18اپریل کو کینالز اور دہشتگردی کے مسئلے پر حیدرآباد میں تاریخی جلسہ کرنے جا رہے ہیں، مخالفین چاہتے ہیں ملک میں استحکام نہ ہو ، ہماری لیڈر شپ ہمیشہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینالز پر باقی جماعتیں کم پیپلز پارٹی کیخلاف زیادہ تقریریں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عظمی بخاری وزیراطلاعات پنجاب کے منصب پر بیٹھ کر غلط بیان دے رہی ہیں، ان کی خواہش ہے پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت آمنے سامنے آئے، پیپلز پارٹی کینالز پر سلجھی ہوئی سیاست کر رہی ہے ،سندھ میں سات کروڑ لوگ بستے ہیں، سندھ کے لوگوں کو پتہ ہے پیپلز پارٹی والے مر جائیں گے لیکن سندھ کے مفاد پرسودا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی عقلمند انسان عظمی بخاری جیسا بیان نہیں دے سکتا، اگر انہیں پیپلز پارٹی کیساتھ کوئی مسئلہ ہے تو بیٹھ کر حل کریں نہ کہ غلط بیانات دیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی صحت بہتر ہے، پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کبھی نہیں گھبرائی، سندھ کے حقوق کیلئے جو آصف زرداری نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا، وزیر اعظم سے اپیل ہے پاکستان کو مضبوط کریں اور کینالز کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ان مدرسوں کو فنڈنگ کی جن کے ذریعے دہشت گردی کو پھیلایا گیا ،پی ٹی آئی نے کہا طالبان کے دفاتر یہاں کھولے جائیں، ان کیلئے دعا ہے اللہ انہیں بچا کر رکھے ۔