بدھ, اپریل 2, 2025
ہومLatestملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی...

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحا لی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جہاں سیاسی شخصیات اور شہریوں نے نماز عید ادا کی۔ کراچی میں گرو مندر سبیل کی مسجد میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع ہوا، اس کے علاوہ پولو گراؤنڈ، طوبیٰ مسجد المعروف گول مسجد ڈیفنس میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔

لاہور کے باغ جناح اور مینار پاکستان میں بھی عید کے نماز کے اجتماعات ہوئے، لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔ پشاور میں عید الفطر کی نماز مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔

صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں اور ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا جبکہ ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا، معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کا استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت اقتصادی بحالی،امن و امان اور سماجی استحکام کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ متحد ہو کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایک جنگ سے گزر رہا ہے، پاک فوج کے افسران اور جوان امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، تمام شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعاگو اور خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر رمضان کے اختتام پر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں، افسروں کیلئے عید کی خوشی اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کا دفاع ہے،فوجی جوان خاندان سے دورامن،خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروٖغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم پرغورکاموقع فراہم کرتا ہے،سپاہیوں کی قربانیوں، اہل خانہ کے غیر متزلزل تعاون کی قدر کرتے ہیں۔عید پریکجہتی،محبت اوراحترام کے جذبے کو فروغ دیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور دیگر عزیز واقارب نے نماز عیدالفطر جاتی عمرہ  میں ادا کی۔ نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بزرگان کی قبور پر بھی حاضری دی۔ میاں محمد شریف ، اہلیہ میاں محمد شریف، بیگم کلثوم نواز اور عباس شریف کی قبور پر فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کی دعائیں کیں۔ نواز شریف اور مریم نواز نے محفل میلاد شریف میں شرکت بھی کی۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!