کراچی: پاکستان کے مشہور و معروف اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، اگر آپ اپنے وقت کی قدر نہیں کریں گے، تو آپ اپنی عزت اور ساکھ کھو دیں گے۔ نجی ٹی وی پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں ہمیشہ فلائٹ سے 2 گھنٹے پہلے پہنچتا ہوں کیونکہ مجھے اس شخص کی عزت کرنی چاہیے جس نے مجھے مدعو کیا ہے، اگر میں ٹریفک میں پھنس گیا یا کوئی اور مسئلہ پیش آیا تو؟ یہ وہ سبق ہے جو ہم نے پی ٹی وی سے سیکھا، جہاں ہم ریڈنگ ریہرسل، ڈرائی ریہرسل اور موومنٹ ریہرسل 3 سے 5 دن تک کیا کرتے تھے۔
بہروز سبزواری نے ٹی وی کے سنہرے دن اور آج کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے تجربات سے مداحوں کو آگاہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے 2 بار صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں ان ایوارڈز کا صرف ایک وصول کنندہ ہوں، درحقیقت یہ میرے اساتذہ کے ہیں، میں نے جو کچھ سیکھا وہ ان کی بدولت ہے۔