اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے سیاسی استحکام و ترقی لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو قیامِ امن کیلئے پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہئے،مضبوط معیشت اور بہتر خارجہ تعلقات کے بغیر ترقی ممکن نہیں، جمہوری روایات کے فروغ سے ہی ملک میں حقیقی استحکام ممکن ہوگا۔
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے ،مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط تعلقات باہمی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں اور دونوں ممالک کو تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے سیاسی استحکام و ترقی لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی برادری کو قیامِ امن کیلئے پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہئے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی استحکام اور ترقی لازم و ملزوم ہیں، اور جمہوری روایات کے فروغ سے ہی ملک میں حقیقی استحکام ممکن ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مضبوط معیشت اور بہتر خارجہ تعلقات کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اس لیے پاکستان اقتصادی استحکام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔