اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم مسلح افراج کے شانہ بشانہ ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یوم پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، لاکھوں قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا، شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے۔
صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولے، ان شا اللہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے، جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، دہشتگردی کو جر سے اکھاڑ پھینکیں گے۔