پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شریف خاندان ٹیکس چوری کر کے ملک کو عالمی سطح پر بدنام کررہا ہے، ٹیکس چوروں ،کرپٹ لوگوں کے ہوتے قومی یکجہتی ناممکن ہے۔جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ حسن نواز لندن میں بھی ٹیکس ڈیفالٹر قرار پایا، شریف خاندان اب عالمی سطح پر بھی ٹیکس چور ثابت ہو رہا ہے، لوگ بیرون ملک جا کر اپنے ملک کیلئے نیک نامی کماتے ہیں، مگر یہ ملک کا نام بدنام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا، جبکہ شریف خاندان بدنامی کا سبب بن رہا ہے، برطانیہ کے سخت قوانین کے باوجود بھی یہ ٹیکس چوری سے باز نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ آدھا خاندان لندن ،آدھا پاکستان میں ٹیکس چوری میں مصروف ہے، ٹیکس چوری کی وجہ سے پاکستان میں ان کا کاروبار بڑھتا جا رہا ہے جبکہ دیگر سرمایہ کار دیوالیہ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس چوری ،قومی خزانے کو لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بیرون ملک منتقل کرانا ان کا وطیرہ ہے، خزانہ لوٹ کر لندن و دیگر ممالک میں جائیدادیں بنائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چور اور کرپٹ لوگ کبھی قومی یکجہتی میں کامیاب نہیں ہو سکتے، قوم کرپٹ ٹولے سے نالاں ہے ان کے ہوتے ہوئے قومی یکجہتی ناممکن ہے۔